ریاض ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی حکومت نے یمن میں دہشت گردی اور آئینی حکومت کا تختہ الٹنے میں ملوث 40 باغیوں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی گرفتاری میں معاونت پر انعامات کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے گذشتہ روز جاری کردہ فہرست میں یمن کے ان 40 باغیوں کو شامل کیا گیا ہے جو حوثی گروپ کے ساتھ وابستگی کے ساتھ دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔الریاض نے تمام اشتہاریوں کی گرفتاری میں معاونت کرنے والے شہریوں کو انعامات دینے اور ان کا نام صیغہ راز میں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی طرف سے یمن کے حوثی باغیوں کو اشتہاری قرار دینے اور ان کی گرفتاری میں معاونت سے متعلق یہ پہلی فہرست ہے۔ادھر یمن میں دستوری حکومت کا تختہ الٹنے والے باغیوں کو کچلنے اور آئینی حکومت کی رٹ بحال کرنے کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے الزام عاید کیا ہے کہ ایران یمن کے حوثی باغیوں کو بیلسٹک میزائل فراہم کررہا ہے۔گذشتہ روز الریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ یمن کے حوثی باغیوں کی سعودی عرب کے خلاف خطرناک جارحیت اور بیلسٹک میزائل حملوں کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔ حوثی شدت پسند ایران کی معاونت سے سعودی عرب پر حملے کررہے ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران کرنل ترکی المالکی نے ایران کی طرف سے یمنی باغیوں کو اسلحہ اور میزائلوں کی فراہمی کی تصاویری ثبوت بھی دکھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے علاوہ لبنانی دہشت گرد ملیشیا حزب اللہ بھی حوثیوں کو اسلحہ، جنگی تربیت اور تکنیکی معاونت فراہم کرتی ہے۔