یمن کے سعودی عرب پر میزائل حملے ، تین ہلاک

ریاض۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے سرحدی علاقہ سے سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقہ میں میزائل فائرنگ کے واقعہ میں تین شہری بشمول دو بچے ہلاک ہوگئے۔ سیول ڈیفنس ترجمان میجر یحییٰ القشانی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ میزائل حملے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں رہائشی علاقوں میں داغا گیا۔ یاد رہیکہ سعودی عرب گذشتہ سال مارچ سے ایران کی تائید والے حوثی باغیوں کے خلاف یمن میں جاری جنگ میں اتحادی فوج کی قیادت کررہا ہے۔ سعودی عرب کے منتخبہ صدر عبدالرب ہادی منصور ملک میں بغاوت کے بعد فرار ہوکر سعودی عرب میں سیاسی پناہ حاصل کرچکے ہیں اور انہوں نے وہاں یمن کی جلاوطن حکومت قائم کی ہے۔ وہ اب بھی خود کو یمن کا جائز صدر قرار دیتے ہیں۔ انہیں سعودی عرب کے علاوہ امریکہ اور بین الاقوامی ادارہ کی تائید حاصل ہے جبکہ حوثی باغیوں کی تائید ایران کررہا ہے۔