مُقیٰ ۔23جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) یمنی حکومت کے سپاہیوں نے آج بندرگاہ مقیٰ پر قبضہ کرلیا اور بحر احمر کی ساحلی پٹی سے حوثی باغیوں کو پیچھے ڈھکیل دیا گیا ۔ فوج کے ساتھ موجود ایک صحیفہ نگار نے کہاکہ سرکاری فورسیس اس بندرگاہ کی تلاشی میں مصروف ہیں جہاں تین ہفتہ قبل حکومت کے وفادار سپاہیوں نے جنوب مغربی ساحل پر شیعہ تخریب کاروں اور ان کے حلیفوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کیا تھا ۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے سپاہیوں نے سارے شہر پر دوبارہ قبضہ کرلیا ہے ۔ لیکن ایک فوجی کمانڈر نے اے ایف پی سے کہا کہ حکومت کے وفادار سپاہی مقیٰ کے جنوبی مضافات میں ہنوز باغیوں کے خلاف لڑائی میں مصروف ہیں۔ یمنی صدر عبدالربوہ منصور ہادی کے وفادار سپاہیوں نے 7 جنوری کو بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کی تھی تاکہ بحر احمر اور بحرہند کو مربوط کرنے والے ایک کلیدی سمندری راستہ کے حامل ضلع ذباب پر دوبارہ قبضہ کیا جاسکے ۔