یمن کی پولیس اکیڈیمی پر کار بم دھماکہ ، 37ہلاک

صنعاء۔ 7 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) یمن کے دارالحکومت میں قائم پولیس کالج کے سامنے ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں 37افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ خوفناک دھماکہ چہارشنبہ کی صبح پیش آیا۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کو ہاسپٹل پہنچانے کیلئے ایمبولینس گاڑیاں فوراً جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو لے جانے لگیں۔بظاہر یہ دھماکہ پولیس کالج کے طلبہ کو نشانہ بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔ ان طلبہ میں سے کچھ کی نعشیں دھماکے کے بعد کالج کے سامنے گلی میں بکھری ہوئی تھیں۔جائے حادثہ پر دھماکے میں کام آنے والی گاڑی کے پرخچے نظر آ رہے تھے۔ یہ مناظر جلد ہی سوشل میڈیا پر ہر جگہ دیکھے جانے لگے۔ ہلاک ہونے والوں کی نعشیں اوندھے منہ اور چت اِدھر اُدھر فرش پر پڑی ہوئی تھیں۔ دھماکے کی آواز پورے شہر میں دور دور تک سنی گئیں۔واضح رہے یمن میں امن و امان کی صورت حال 2011ء سے مخدوش ہے۔