ریاض۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے آج شاہ سلمان سے ملاقات کی جو گذشتہ سات سالوں میں ان کا پہلا دورہ ہے۔ اس تاریخی ملاقات پر مسرور انجیلا مرکل نے کہا کہ انہوں نے شاہ سلمان سے خواتین کے حقوق، یمن میں جاری جنگ اور دیگر حساس مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔ جدہ میں شاہ سلمان سے ملاقات کے بعد جرمن صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے جو ان کے ساتھ ہی سفر کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان سے انہوں نے انسانی حقوق بشمول خواتین کے حقوق کے موضوعات پر بات چیت کی۔ علاوہ ازیں یمن میں جاری سعودی عرب کی جنگ بھی موضوع گفتگو رہی۔ یاد رہیکہ سعودی عرب یمن پر گذشتہ دو سالوں سے بمباری کرتا آرہا ہے۔ ایسے یمنی باغیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جنہوں نے سعودی عرب کے علاقائی شیعہ حریف ایران سے مفاہمت کر رکھی ہے۔ آج عالم یہ ہیکہ وہاں 27 ملین افراد کو انسانی بنیادوں پر تحفظ کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر مرکل نے کہاکہ ان کا خیال یہ ہیکہ اس مسئلہ کا کوئی فوجی حل نکلنا مشکل ہے۔ دوسری طرف شام میں بھی سعودی عرب اور ایران ایک دوسرے کے مخالفین کی تائید کررہے ہیں اور جرمنی ان چھ بین الاقوامی طاقتوں میں سے ایک ہے جس نے ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ کیا تھا جس کی سعودی عرب نے مخالفت کی تھی۔