ریاض۔/29جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی اتحاد کی تائید یافتہ یمنی حکومت نے آج دعویٰ کیا کہ حوثی باغیوں نے بحر احمر کی بندرگاہ مقھیٰ پر حملہ کے لئے ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی ایک کشتی کا استعمال کیا جو دھماکو مواد سے لدی ہوئی تھی۔ عرب اتحاد کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ ہفتہ کی صبح حوثی چھاپہ ماروں نے دھماکہ خیز مواد سے لدی کشتی کے ذریعہ بندرگاہ مقھیٰ کو نشانہ بنایا جو ریموٹ کنٹرول کی مدد سے چلائی جارہی تھی۔ سعودی خبر رساں ادارہ سے جاری کردہ اپنے بیان میں عرب اتحاد نے کہا کہ دور دراز کے مقام پر دھماکہ ہوا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ باغی اس قسم کی مجرمانہ سرگرمیوں کے ذریعہ یمن میں پہنچائی جانے والی انسانی امداد کے کام کو درہم برہم کررہے ہیں۔ جہاں بالخصوص ہیضہ کی وباء پھیلنے کے سبب ادویات کی تقسیم جاری ہے‘‘ عرب اتحاد نے غربت سے دوچار یمن میں مارچ 2015 کے دوران صدر عبد ربو منصور ہادی کی مدد کے لئے عرب کارروائیوں کاآغاز کیا تھا۔ عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ یمنی حکومت کے مخالف حوثی باغیوں کو ایران کی تائید حاصل ہے۔ یمن میں حکومت اور باغیوں کے درمیان تنازعہ میں سعودی عرب اور یمن کے حلیفوں کی مداخلت کے بعد سے تاحال8000 یمنی ہلاک اور دیگر 44,500 زخمی ہوئے ہیں۔