ریاض ۔ 13 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن کو 540 ملین امریکی ڈالر پر مشتمل امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پڑوسی ملک کے خلاف فضائی حملوں کو روکنے کے پہلے دن یہ اعلان کیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارہ سعودی پریس ایجنسی نے شاہ سلمان کے حوالہ سے کہا کہ ’’ہم نے یمن کو ایک ارب ریال کی امداد دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ہم نے اب اس انسانی امداد کو دوگنا کردیا ہے۔ چنانچہ قبل ازیں معلنہ 274 ملین امریکی ڈالر کی امداد کے علاوہ مزید 266 ملین امریکی ڈالر کی انسانی امداد بھی یمن کو پہنچائی جائے گی۔ واضح رہے کہ یمن میں جنگ کے متاثرین کی مدد کیلئے اقوام متحدہ نے فوری طور پر 274 ملین امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی تھی، جس پر سعودی عرب نے 18 اپریل کو اپنی طرف سے ساری مطلوبہ رقم 274 ملین ڈالر دینے کا عہد کیا تھا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے زیر قیادت اتحاد نے یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر تقریباً 7 ہفتوں تک فضائی حملے کئے تھے اور انسانی امداد رسانی کے لئے گزشتہ روز جنگ بندی نافذ کی گئی۔