ریاض۔ 19مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) خلیج تعاون کونسل ’’جی سی سی‘‘ نے یمن میں جاری سیاسی شورش کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کو دہشت گردی کا گڑھ نہیں بننے دیا جائیگا۔ العربیہ کے مطابق خلیجی ممالک کے بیرون ملک سفیروں کی جانب سے عالمی برادری پر واضح کردیا گیا ہے کہ یمن میں جاری شورش خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہے۔ اقوام متحدہ میں قطر کے سفیر فیصل عبداللہ آل حنزاب نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیج تعاون کونسل یمن میں سیاسی استحکام کے قیام کیلئے ہر ممکن مساعی جاری رکھے گی۔انہوں نے یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی کی بھرپور حمایت کی اور انہیں خلیجی ممالک کی طرف سے مکمل تائید کا یقین دلایا۔