یمن کا گھیراؤ نہیں، اسلحہ کی اسمگلنگ روکیں گے: عرب اتحاد

دبئی۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام)یمن میں آئینی حکومت کی بحالی اور باغیوں کے خلاف سرگرم عرب اتحاد نے واضح کیا ہے کہ فورسز کی تازہ نقل وحرکت کا مقصد یمن کا محاصرہ کرنا نہیں بلکہ باغیوں کو اسلحہ کی سپلائی روکنا ہے۔’العربیہ‘کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عرب ممالک یمن میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے، تجارتی سامان کی آمد و رفت کو یقینی بنانے اور تیل کی مصنوعات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد یمن کا گھیراؤ نہیں کررہا ہے بلکہ تازہ نقل وحرکت کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ روکنا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یمن میں صحت کی صورت حال بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حال ہی میں تعز کے اسپتالوں کو 40 ٹن ادویہ اور طبی سامان مہیا کیا گیا ہے اور عرب اتحاد یمن میں تجارتی سامان اور تیل کی مصنوعات کی فراہم یقینی بنانے کیلئے اقوام متحدہ کے ساتھ مکمل تعاون کررہا ہے۔