یمن کا وفد امن مذاکرات کیلئے سویڈن روانہ

عدن۔ 5 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یمنی حکومت کا سرکاری مذاکرات کار وفد سعودی عرب کی راجدھانی سے آج سویرے اقوام متحدہ کی طرف سے منعقدہ امن مذاکرات میں شرکت کے لئے سویڈن روانہ ہوگیا۔ ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ عالمی حمایت یافتہ حکومت یمن کے وزیر خارجہ خالد یمانی کے زیر قیادت 13 رکنی وفد اقوام متحدہ کے تحت حوثی باغیوں کے نمائندہ وفد کے ساتھ براہ راست بات چیت میں شامل ہونے کے لئے سعودی عرب سے سویڈن کی راجدھانی اسٹاکہوم کے لئے روانہ ہوا۔ یمن کے دفتر صدارت کے انچارج عبد اللہ العلیمی نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ سرکاری مذاکراتکار وفد ترجیحی بنیاد پر یمنی عوام کے خدشات اور توقعات کو پیش کرے گا ۔ انہو ں نے کہا کہ یمن میں خانہ جنگی کے خاتمے اور قیام امن کے اصلی امکان کی کامیابی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ حوثی باغیوں کے مذاکرات کار ایک روز پہلے ہی راجدھانی صنعاء سے اقوام متحدہ کے مندوب برائے یمن مارٹن گریفیتھ اور کویتی سفارتکار کے ہمراہ امن مذاکرات میں شرکت کے لئے کویت کے طیارہ سے اسٹاکہوم روانہ ہوچکے ہیں۔ تاہم، 2016 کے بعد پہلی بار منعقد ہونے والے یمن کے امن مذاکرات کی حتمی تاریخ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا ہے ۔