صنعا ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی زیرقیادت فوجی اتحاد نے یمن میں آج شیعہ باغیوں اور ان کے اتحادیوں کے ٹھکانوں پر زبردست بمباری کی، جس کے نتیجہ میں کم سے کم 10 عام شہری ہلاک ہوگئے۔ اس دوران بین الاقوامی اداروں نے کہ ہیکہ لاکھوں یمنیوں کو لاحق بدترین انسانی المیہ سے بچانے کیلئے 1.6 ارب امریکی ڈالر کی امداد درکار ہے۔ یمنی شاہدین نے کہا ہیکہ دارالحکومت صنعا اور جنوبی بندرگاہی شہر عدن کے علاوہ جوف اور لہج صوبوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کئے گئے۔ شیعہ باغیوں کے طاقتور گڑھ سمجھے جانے والے شمالی شہر سعدا میں سعودی عرب کے حملوں کے نتیجہ میں 10 یمنی شہری جاں بحق ہوگئے۔ یمن میں اقتدار کی تقسیم کے مسئلہ پر برسرپیکار شیعہ باغی حوثیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فورسس کو عرب اتحاد کے علاوہ مفرور صدر عبدالرجو ہادی منصور کے وفادار فورسیس، سنی عسکریت پسندوں اور دیگر کئی فورسیس سے مقابلہ درپیش ہے جس کے باوجود یمن کے دارالحکومت صنعا اور دیگر کئی مقامات پر حوثیوں کا کنٹرول ہے۔