یمن پرچھٹے دن بھی بمباری، سعودی عرب کو ایران کا انتباہ،باغی حوثیوں کو امداد روانہ

صنعاء / کویت سٹی۔ 31 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی زیرقیادت اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے باغیوں پر آج چھٹویں دن بمباری کی۔ اُن کے میزائیلز اور اسلحہ خانہ پہلی بار جنگی بحری جہازوں کے ذریعہ بمباری کرتے ہوئے تباہ کردیئے گئے۔ باغیوں کے زیرقبضہ ایرپورٹ اور عدن کے مضافات میں مشرقی علاقہ پر بحری جہازوں سے بمباری کی گئی۔ فضائی حملوں کی مہم میں عرب ممالک شامل ہیں اور اِس کا آغاز گزشتہ ہفتہ ہوا تھا۔ اس کا مقصد باغیوں کی جنھیں حوثی کہا جاتا ہے، پیشرفت کو روکنا ہے۔ حوثی باغیوں نے ملک پر یلغار کی ہے اور صدر یمن کو بیرون ملک فرار ہونے پر مجبور کردیا ہے۔ رات بھر اور آج صبح کی اولین ساعتوں تک اتحادی طاقتوں نے ایران کی حمایت یافتہ باغیوں پر صنعاء کے اطراف و اکناف میں بمباری کی۔ یمن کے فوجی عہدیداروں کے بموجب حملوں کا نشانہ حوثیوں کے مورچے اور کیمپ کے علاوہ باغیوں کے زیراستعمال اسلحہ کے ذخائر تھے۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کے حملے سے سارے علاقہ کو خطرہ لاحق ہوگا۔ نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبدالاحیان نے کہا کہ کسی ایک طرف سے علاقہ میں جنگ کی آگ سارے خطہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیگی اور ایسا کرنا علاقہ میں کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ انہوںنے شیعہ باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی فی الفور روک دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں فوجی حل پر ہمیں شدید اعتراض ہے۔

ہمارا یہ موقف ہے کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کا فوجی حملہ ایک اہم غلطی ہے۔ یہ فوجی کارروائی فی الفور روکی جانی چاہئے تاکہ سیاسی حل کی راہ ہموار ہوسکے ۔ دریں اثناء ایران نے کہاکہ اُس نے یمن کو فوجی امداد روانہ کی ہے۔ ایران کے سرکاری خبررساں ادارہ ارنا کے بموجب یہ امداد سعودی فضائی حملوں کے گزشتہ جمعرات کو آغاز کے بعد روانہ کی گئی ہے۔ اس میں 19 ٹن دوائیں، طبی آلات، 2 ٹن غذائی اشیاء، ایرانی ہلال احمر نے روانہ کی ہیں۔ ادارہ کی خبر کے بموجب یہ امداد منگل کی علی الصبح یمن پہونچ گئی لیکن خبر میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ امداد کہاں اُتاری گئی۔ اسلام آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد آج ریاض پہونچ گیا تاکہ یہ فیصلہ کرسکے کہ فوج روانہ کرنے کی سعودی عرب کی درخواست قبول کی جائے یا نہیں۔ وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے انتباہ دیا ہے کہ اگر سعودی عرب کی خود مختاری خطرہ میں ہو تو اِس کا ’’سخت ردعمل‘‘ ظاہر کیا جائے گا۔

یمن کے باغیوں کیلئے ایرانی امداد
صنعا ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے یمن کیلئے اپنی پہلی امداد کی کھیپ بذریعہ بحری جہاز روانہ کی ہے جبکہ گذشتہ ہفتہ سے سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی فوجیوں نے یہاں فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ ارنا خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ امداد طیاروں کے ذریعہ گرائی گئی لیکن یہ پتہ نہیں چل سکا کہ وہ امداد صحیح مقامات پر گر رہی ہے یا نہیں۔ اتحادی افواج نے ایسے کئی ایرپورٹس کو نشانہ بنایا ہے جن پر باغی افواج کا قبضہ ہے اور یہ اعلان کردیا ہیکہ یہ ایرپورٹس اب پوری طرح یمن کے دائرہ کار میں ہیں۔ امداد میں 19 ٹن ادویات اور دیگر طبی سازوسامان کے علاوہ دو ٹن غذائی اشیاء بھی شامل ہیں جو ایرانی ہلال احمر کی جانب سے فراہم کی گئی ہیں۔ حوثی باغیوں پر تنقید کرنے والوں کا کہنا ہیکہ انہیں ایران نے امداد فراہم کی ہے جبکہ ایران اور حوثی باغیوں دونوں نے اس الزام کو مسترد کردیا ہیکہ ایران حوثی باغیوں کو مسلح کررہا ہے۔