یمن میں فرانسیسی یرغمالی کی ویڈیو پر مدد کی اپیل

صنعا۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک فرانسیسی خاتون جسے یمن میں یرغمال بنا لیا گیا ہے، پہلی بار ایک ویڈیو فلم میں نظر آئی جس میں اس نے اپنی رہائی کیلئے مدد کی اپیل کی ہے۔ ایزابیل فرائن جو ایک مشیر کی حیثیت سے عالمی بینک میں ملازم تھی، صنعا سے اس کے یمنی ترجمان کے ساتھ گذشتہ فبروری میں اغوا کرلی گئی تھی۔ بعدازاں ترجمان کو رہا کردیا گیا لیکن فراین کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی تھی۔ غائب ہوجانے کے بعد پہلی بار ایک ویڈیو فلم میں نظر آتے ہوئے اس نے اپنی رہائی کیلئے مدد کرنے کی مغربی ممالک سے اپیل کی ہے۔ خاص طور پر نام لیتے ہوئے صدر فرانس اور صدر یمن سے مدد طلب کی ہے۔