صنعا / واشنگٹن، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی فوجی مہم کے تحت جنوبی یمن میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے ٹھکانے پر چھاپہ مارنے کے دوران ایک امریکی کمانڈو کی موت ہو گئی اور تین دیگر زخمی ہو گئے ۔امریکی فوج نے کل کہا تھا کہ انہوں نے القاعدہ کی طاقتور شاخ پر چھاپہ مارنے کے دوران 14 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ دہشت گرد مسلسل امریکہ کے ڈرون حملے کو نشانہ بنا رہے تھے ۔ تاہم جائے وقوع پر موجودطبی اہلکاروں نے بتایا کہ اس حملے میں دس خواتین اور بچے سمیت 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پینٹاگن نے بتایا کہ جب ایک زخمی کمانڈو کو جائے حادثہ سے باہر نکالنے کیلئے امریکی فوجی طیارے کو بھیجا گیا تو دو دیگر جوان بھی آگ کی زد میں آکر زخمی ہو گئے ۔مسٹر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ آج صبح یہ خبر سن کر ناخوش ہے کہ ہمارا ایک بہادر نوجوان بنیاد پرست دہشت گرد گروپ کے خلاف جنگ لڑتا ہوا مارا گیا۔ مسٹر ٹرمپ نے اس مہم کو کامیاب قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس حملے کے دوران جو انٹلیجنس معلومات ہمیں حاصل ہوئی ہے وہ امریکہ کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مددگار ہوگی۔