یمن میں دو روز میں 2 ’’ایرانی حوثی‘‘ جاسوس ڈرون مار گرائے گئے

صنعاء۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) یمنی فوج نے منگل کے روز انکشاف کیا ہے کہ ملک کے جنوب میں مریس کے محاذ پر حوثی باغیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا گیا۔ چند گھنٹوں کے دوران یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے البیضاء میں بھی ایک ڈرون طیارہ مار گرایا گیا تھا۔لندن میں ’’مسلح تنازعات سے متعلق تحقیقی مرکز‘‘ نے اتوار کے روز اپنی ایک بین الاقوامی رپورٹ میں حوثیوں کے اس دعوے کا پول کھول دیا تھا کہ یہ طیارے مقامی طور پر تیار کردہ ہیں۔ رپورٹ میں تصدیق کی گئی کہ یہ عسکری ٹکنالوجی ایرانی ساخت کی ہے۔یمنی فوج کی سرکاری نیوز ویب سائٹ کے مطابق یمنی فوج نے پیر کے روز ملک کے جنوبی صوبے الضالع میں مریس کے محاذ پر باغیوں کے زیر استعمال ایک ڈرون طیارے کو مار گرایا۔ یہ طیارہ فوج کے ٹھکانوں کی جاسوسی کے واسطے استعمال کیا جا رہا تھا۔

بحیرہ اسود میں
ایک مال بردار بحری جہاز لاپتہ
دبئی ۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک مال بردار بحری جہاز بحیرہ اسود میں استنبول شہر کے ایشیائی حصے کے نزدیک ریڈار کی اسکرین سے غائب ہو گیا ہے۔ جہاز پر عملے کے 10 ارکان سوار ہیں۔ایجنسی کے مطابق جہاز کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ادھر ترکی کی ساحلی پولیس نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ حکام مال بردار بحری جہاز کے بحیرہ اسود میں لاپتہ ہونے سے متعلق رپورٹوں کی تحقیق کر رہے ہیں۔