یمن میں خونریز لڑائی،تین روز میں 200سے زائد باغی ہلاک

صنعا۔ یکم ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن کے 2 صوبوں میں سرکاری فوج کے ہاتھوں متعدد کمانڈروں سمیت 200 سے زائد حوثی باغی ہلاک ہو گئے ۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یمن کے 2 صوبوں صعدہ اور حجہ میں گزشتہ 3روز کے دوران یمنی فوج کے ساتھ لڑائی میں متعدد کمانڈروں سمیت 200 سے زیادہ حوثی جنگجو ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔حجہ میں ذرائع نے بتایا ہے کہ فوج نے حوثی ملیشیا کے بیلسٹک میزائل چلانے کے پیڈ تباہ کر دیے ہیں جبکہ عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حوثی ملیشیا کے 18 اڈوں کو اپنے حملوں میں نشانہ بنایا ہے ، صوبہ البیضا میں بھی لڑائی میں12 حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔یمنی فوج نے شمالی صوبے صعدہ کے مختلف علاقوں میں حوثی ملیشیا کے خلاف لڑائی میں پیش قدمی جاری رکھی ہے اور وہاں مختلف محاذوں پر ان کے درمیان خونریز جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔یمن فوج نے صعدہ کے دو علاقوں ثحر اور بکیل المیر پر قبضہ کر لیا ہے ۔اس سے قبل یمنی فوج نے ضلع حیران پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا تھا، حوثی ملیشیا کو صعدہ کے علاقے میران میں سرکاری فوج کے ساتھ جھڑپوں میں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔