یمن میں خودکش کار بم دھماکہ ،تین فوجی ہلاک

عدن 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )شمالی یمن کے شہر عدن میں صیانتی ہیڈ کوارٹرس کو نشانہ بناکر ایک خودکش کار بم دھماکہ کیا گیا جس کی وجہ سے کم از کم تین فوجی ہلاک ہوگئے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے آج کہا کہ یہ کار عدن کے صیانتی دفاتر کے باب الداخلہ سے ٹکرا کر سحر کے وقت دھماکہ سے پھٹ پڑی جس سے کم از کم تین فوجی ہلاک اور دیگر کئی فوجی زخمی ہوگئے ۔ شبہ ہے کہ حملہ آور کا تعلق القاعدہ سے تھا جس کی یمنی شاخ کو امریکہ القاعدہ کے عالمی نیٹ ورک سے الحاق رکھنے والی انتہائی خطرناک شاخ قرار دیتا ہے ۔ دھماکو مادوں سے بھری ہوئی ایک کار کے ساتھ دیگر دو حملہ آوروں نے بمباری کے بعد پھاٹک توڑ کر زبردستی اندر داخل ہونے کی کوشش کی لیکن ان کی کوشش کو فوج نے ناکام بنادیا ۔ پولیس کے ایک اور ذریعہ کے بموجب دونوں حملہ آور ’’دہشت گرد عناصر ‘‘ہیں ۔ جن سے تفتیش کی جارہی ہے ۔ القاعدہ کی جزیرہ نمائے عرب کی شاخ یمن کی مرکزی حکومت کے کمزور ہوجانے سے فائدہ اٹھا رہی ہے ۔ 2011 میں اس کے خلاف بغاوت ہوگئی تھی ۔ جنوبی یمن کے وسیع علاقہ پر قبضہ کرلیا گیا تھا ۔ تاہم باغیوں کو جون 2012 میں اس علاقہ کا تخلیہ کرنے پر مجبور کردیا گیا ۔ باغیوں کا یہ گروپ اب بھی جنوبی اور مشرقی یمن میں سرگرم ہیں اور وقفہ وقفہ سے صیانتی افواج پر حملے کیا کرتا ہے ۔ آج کے دونوں خودکش حملے القاعدہ کی حکومت مخالف کارروائیوں کے سلسلہ کا تازہ ترین واقعہ ہیں ۔