دوبئی ۔ یکم مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کی مدد سے یمن میں خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے ایک نئی کوشش شروع کریں گی۔ اُنہوں نے یہ بات آج متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے ایک روزہ دورے کے موقع پر کہی۔ انھوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سربراہی میں ہونے والے نئے مذاکرات میں جرمنی ثالث کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بِن زید النہیان کے ساتھ ملاقات میں میرکل یہ امید کر رہی ہیں کہ یورپی یونین اور خلیجی تعاون کونسل کے چھ رکن ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارت کا سمجھوتہ بالآخر حتمی شکل اختیار کر جائے گا۔ ابوظہبی میں شام، لیبیا اور یمن کے تنازعات بھی مذاکراتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ اس ملاقات میں جولائی میں جرمن شہر ہیمبرگ میں مجوزہ جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں بھی بات چیت ہو گی۔ جرمن کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی چانسلر میرکل کے ساتھ ہے۔