یمن میں جھڑپیں ‘ 6 باغی و دو سپاہی ہلاک

صنعا 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) یمن کے دارالحکومت صنعا کے قریب لڑائی میں آج چھ شیعہ باغی اور دو سپاہی ہلاک ہوگئے ہیں۔ جنوبی علاقوں میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ قبائلی اور سکیوریٹی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ اس لڑائی میں ہوتھی باغیوں کے آٹھ کارکن زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ یہ خود کو انصار اللہ گروپ قرار دیتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ انصارا للہ کارکنوں اور قبائلیوں کے مابین جھڑپیں چل رہی ہیں جس میں ایک ہفتے کے دوران 12 افراد کی ہلاکت کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ کہا گیا ہے یہ جھڑپیں انصار اللہ اور سنی الاصلاح پارٹی کے کارکنوں کے درمیان جاری ہیں ۔ ان جھڑپوں کے بعد باغیوں کی جانب سے کسی گروپ پر گھات لگاکر حملہ بھی کیا گیا ہے ۔

گذشتہ مہینے صدر یمن عبد الربہ منصور ہادی اور دوسری سیاسی جماعتوں نے بدامنی کا شکار علاقوں میں امن قائم کرنے مختلف اقدامات سے اتفاق کیا تھا ۔ وہ ملک میں سیاسی تبدیلیوں کے ذریعہ حالات کو بہتر بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ باغیوں نے اس منصوبے کی مخالفت کی ہے اور کہا کہ اس منصوبے کے ذریعہ یمن کو غریبوں اور امیروں کے گروپس میں تقسیم کردیا جائیگا ۔ یہ باغی پہاڑی علاقوں سے باہر آکر صنعا کے قریب لڑائیوں کے ذریعہ اپنے حلقہ اثر میں وسعت کرنا چاہتے ہیں۔ ماہ فبروری کے اوائل میں باغیوں کی جانب سے شمالی صوبہ اومران پر جھڑپوں کے بعد قبضہ کرلیا گیا تھا ۔ ان جھڑپوں میں 150 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔
گلاسکو یونیورسٹی کو 10 ملین پاونڈ عطیہ
لندن 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ میں یونیورسٹی آف گلاسگو کو دس ملین پاونڈس کی گرانٹ ملی ہے تاکہ میڈیکل ریسرچ کے کام کو آگے بڑھایا جاسکے ۔ سکریٹری آف اسٹیٹ برائے بزنس ‘ تخلیق و مہارت ڈاکٹر ونس کیبل نے توثیق کی کہ برطانوی ریسرچ پارٹنرشپ سرمایہ کاری فنڈ کی جانب سے یہ عطیہ یونیورسٹی کیلئے دیا گیا ہے تاکہ ریسرچ کے کام کو آگے بڑھایا جاسکے ۔ اس فنڈ کے ذریعہ نئی ریسرچ کی اسکیمات شروع ہوسکتی ہیں اور عصری آلات خریدے جا سکتے ہیں ۔