یمن میں امریکہ کے ڈرون حملے القاعدہ کے 4کارکن ہلاک

عدن 10 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) القاعدہ کے چار مشتبہ ارکان شمال مشرقی یمن میں امریکہ کی جانب سے کئے گئے ایک ڈرون حملہ میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ گروپ اس علاقہ میں کافی مستحکم سمجھا جاتا ہے ۔ ایک مقامی عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ عہدیدار نے بتایا کہ یہ کارروائی کل رات دیر گئے کی گئی جس میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں مشتبہ افراد سفر کر رہے تھے ۔ یہ کارروائی حضرموت صوبہ کے دارالحکومت کے قریب کی گئی تھی ۔ القاعدہ کو امریکہ اس علاقہ میں سب سے خطرناک تنظیم سمجھتا ہے اور وقفہ وقفہ سے اس کے ٹھکانوں اور عسکریت پسندوں کو حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے ۔ امریکہ واحد ایسا ملک ہے جس نے یمن میں ڈرون طیاروں سے حملوں کا آعاز کردیا ہے اور ان میں القاعدہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ القاعدہ نے کے یمن میں لیڈر ناصر الوحشی ماہ جون میں امریکی حملوں میں ہلاک ہوگئے تھے ۔