متعدد مقامات سے انتہاء پسندوں کا صفایا
دبئی۔ 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) یمنی ، اماراتی اور امریکی فورسز یمن کے جنوبی صوبے شبوہ میں القاعدہ کے جنگجوؤں کو ان کے ایک مضبوط گڑھ سے نکال باہر کرنے کے لیے ایک بڑی مشترکہ کارروائی کررہی ہیں۔قریباً دو ہزار یمنی فوجیوں نے شبوہ میں گذشتہ ہفتے القاعدہ کے جنگجوؤں کے خلاف اس جنگی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ انھیں متحدہ عرب امارات کے دسیوں مشیروں کی رہ نمائی اور معاونت حاصل ہے اور امریکا کے خصوصی کمانڈوز انھیں انٹیلی جنس معلومات فراہم کررہے ہیں اور وہ فوجی کارروائی کی منصوبہ بندی میں بھی معاونت کررہے ہیں۔حوثی ملیشیا کے مقررکردہ ایک نائب گورنر محمد ابو حربہ نے حوثیوں کے کنٹرول میں میڈیا ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ امریکی اور اماراتی فوجیوں کی ایک بڑی تعداد نے صوبے شبوہ کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کا کہنا ہے کہ زمینی دستوں کے علاوہ یمنی فورسز کو انٹیلی جنس معاونت بھی مہیا کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ امریکی طیارے القاعدہ کے خلاف آپریشن میں شریک طیاروں میں پرواز کے دوران ایندھن ڈالنے کا بھی کام کررہے ہیں۔ 2016ء کے بعد یمن میں القاعدہ کے خلاف یہ سب سے بڑی زمینی کارروائی ہے۔