صنعا،23جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں ڈرون کارروائی میں القاعدہ کے مبینہ 10 جنگجو اور دیگر جھڑپوں میں حکومت کے دو فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔میراب میں موجود یمنی حکومت کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ڈرون نے یمن کے وسطی صوبے میں ایک مکان کو نشانہ بنایا جو مبینہ طور پر القاعدہ کے جنگجوؤں کے زیر استعمال تھا جہاں 6 جنگجو مارے گئے ۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ جنوبی صوبے شابوا میں القاعدہ کے 6 جنگجوو ںاور باغیوں کیساتھ جھڑپوں میں حکومت کے دو فوجی اہلکار بھی مارے گئے۔ امریکہ نے یمن سے تعلق رکھنے والے القاعدہ کے گروپ کو خطے کا خطرناک دہشت گرد گروپ قرار دے رکھا ہے ۔خیال رہیکہ یمن میں امریکہ واحد طاقت ہے جو ڈرون کارروائی کرتی ہے ۔امریکہ کی جانب سے یمن کے القاعدہ گروپ کیخلاف ڈرون حملوں کا سلسلہ ڈونالڈ ٹرمپ کے بطور صدر حلف اٹھانے کے بعد جنوری 2017میں شروع ہوا تھا۔یمن میں جاری جنگ کے نتیجے میں قحط اور انسانی بحران کا سامنا تھا جسکے بارے میں اقوام متحدہ نے عالمی طاقتوں کو خبردار کیا تھا کہ وقت پر اقدامات نہیں کیے گئے تو یمن میں دنیا کا خطرناک انسانی بحران جنم لے گا۔