عدن۔6اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )یمن میں القاعدہ کے فوجی کیمپ پر حملے کے نتیجے میں بیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صیانتی عہدیداروں نے بتایا کہ القاعدہ عسکریت پسندوں نے عدن کے علاقے تاوائی میں ایک فوجی کیمپ پر حملے کا نشانہ بنایا جس پریمن کی فوج نے بھی جوابی کارروائی کی جھڑپ میں بیس افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونیوالوں میں زیادہ تعداد عسکریت پسندوں کی ہے۔
غزہ سٹی سے موصولہ اطلاع کے بموجب اسرائیل کے جنگی طیاروں نے حماس زیر اقتدار غزہ پٹی میں کئی مقامات پر فضائی حملے کئے ۔دونوں فریقین کے ذرائع کے بموجب چند گھنٹے قبل فلسطینیوں کی ایک عمارت سے یہودی مملکت پر راکٹ حملہ کیا گیا تھا ۔ فلسطینی طبی اور فوجی ذرائع کے بموجب شمالی اور جنوبی غزہ کے پانچ مقامات پر حملے کئے گئے جن میں عسکریت پسند تنظیم اسلامی جہاد اور عزدالدین القاسم بریگیڈس کے تربیتی کیمپس بھی شامل ہیں ۔ حماس کے فوجی شعبہ کی خبر کے بموجب ان حملوں میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ سے راکٹ حملوں پر یہ جوابی کارروائی کی گئی ہے ۔ شمالی غزہ میں چار دہشت گردی کے مقامات پر اور جنوبی غزہ کے ساحلی علاقہ میں پانچویں دہشت گردی کے مرکز پر حملے کئے گئے ہیں ۔
کل رات غزہ سے ایک راکٹ حملہ جنوبی اسرائیل پر کیا گیا تھا لیکن یہ راکٹ ایک میدان میں گرپڑا جس سے کوئی جانی یا مالی تباہی نہیں ہوئی اور نہ کوئی زخمی ہوا ۔ فوج اور پولیس کے بموجب مارچ کی ابتداء سے اب تک 82 راکٹ غزہ سے اسرائیل پر داغے گئے ہیں ۔ جمعرات کو فلسطینیوں کی عمارت سے یہودی مملکت پر چار راکٹ حملے کئے گئے جس کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیلیوں نے اعلان کیا کہ مجوزہ 26 فلسطینی قیدیوں کی رہائی منسوخ کردی گئی ہے ۔