یمن :فضائی کارروائی و جھڑپ میں 76 ہلاک

عدن۔18 اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام)یمن کا دارالحکومت صنعا دھماکوں اور بمباری سے گونج اٹھا، تازہ حملوں اور لڑائی میں 76 افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے ۔اتحادی طیاروں نے صنعا کے مختلف علاقوں میں فوجی کیمپ اور اسلحہ ڈپو پر بم برسائے،حملوں کے بعد فضا میں دور تک دھواں بلند ہوتا نظر آیا۔ اتحادی طیاروں نے تعز شہر میں صدارتی محل اور باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی، جبکہ جنوبی شہر عدن میں بھی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، ان فضائی حملوں اور لڑائی میں مزید 76 افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔جھڑپوں کے علاوہ سعودیہ کی قیادت والی افواج کے فضائی حملے بھی ہلاکتوں کی وجہ بنے ہیں۔ دریں اثناء وہاں رہائش پذیر افراد نے بتایا کہ شہر دھماکوں اور فائرنگ کیآواز سے دہل گیا کیونکہ صدر منصور ہادی کی وفادار فوج ایران حامی حوثی شیعہ باغیوں سے نبرد آزما تھی۔ جمعہ کے روز بھی اتحادی افواج ایک صدارتی محل پر زبردست بمباری کی جو تعز میں واقع ہے جسے یمن کا تیسرا سب سے بڑا شہر ہونے کااعزاز حاصل ہے ۔ یاد رہے کہ منصور ہادی گزشتہ ہفتہ ہی سعودی عرب فرار ہوگئے تھے ۔