ریاض ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی قیادت والا اتحاد جو یمن میں ایران کی حمایت والے باغیوں سے لڑائی کررہا ہے، اس نے آج فائربندی کے اختتام کا اعلان کردیا جس کی گزشتہ ماہ شروعات کے بعد سے روزانہ ہی خلاف ورزی ہوتی رہی ہے۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے پیش کردہ بیان میں اتحاد نے کہا کہ اس کی قیادت یمن میں آج 1400 بجے سے صلح بندی ختم ہوجانے کا اعلان کرتی ہے۔ یہ سیزفائر جس کا اعلان 15 ڈسمبر کو کیا گیا تھا ، اس سبب ختم کردینی پڑی کیونکہ باغیوں کی طرف سے سعودی شہروں کی طرف بالسٹک میزائل مسلسل داغے جارہے ہیں، جن کے ذریعے سعودی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنانا ہے اور امدادی آپریشنس میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ اتحاد نے کہا کہ باغیوں نے اپنے کنٹرول والے شہروں میں عام لوگوں پر بھی شل برسائے اور انھیں ہلاک کیا ، نیز یمنی شہریوں کو محروس کر رکھا ہے۔ ان تمام منفی سرگرمیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ عسکریت پسند اور ان کے آقا کس حد تک غیرسنجیدہ ہیں اور ان کے پاس عام شہریوں کی زندگیوں کی کوئی قدر نہیں اور کس طرح انھوں نے چالاکی سے صلح بندی کا اپنے فائدوں کیلئے استحصال کیا ہے۔