دبئی۔25 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) یمنی بحریہ کی ٹیموں کو بحر احمر میں سمندری بارودی سرنگیں ملی ہیں جن کو حوثی ملیشیا کی جانب سے بچھایا گیا تھا۔ایک عسکری ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ میدی شہر کے ساحل کے مقابل ملنے والی یہ سمندری بارودی سرنگیں باغیوں نے شہر سے فرار ہونے سے قبل نصب کیں۔ذریعے کے مطابق فِفتھ ملٹری زون میں یمنی بحریہ کی ٹیمیں بحر احمر کے ساحلوں اور جزیروں کو محفوظ بنانے کے لیے مسلسل گشت میں مصروف ہیں۔ادھر یمن میں قانونی حکومت کی تائید کرنے والے عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے انکشاف کیا ہے کہ بحر احمر میں طویل عرصے سے ایک ایرانی بحری جہاز موجود ہے۔ یہ جہاز حوثی ملیشیا کے ساتھ رابطہ کاری اور اسے ہدایات دینے کے لئے ملٹری آپریشنز رُوم کی حیثیت رکھتا ہے۔