یمن: خالد بحاح نئے وزیر اعظم نامزد

صنعا، 13 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی نے ملک میں جاری بحران کے خاتمے کیلئے سابق وزیر تیل اور اقوام متحدہ میں سابق سفیر خالد بحاح کو نیا وزیر اعظم نامزد کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صدر منصور ہادی نے انچاس سالہ خالد بحاح کو مختلف جماعتوں کے مشیروں کے ساتھ مشاورت کے بعد نامزد کیا ہے اور انھیں نئی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔قبل ازیں گذشتہ ہفتے ان کے نامزد وزیر اعظم احمد عواد بن مبارک نے شیعہ حوثی باغیوں کی جانب سے شدید مخالفت کے بعد حکومت بنانے سے معذرت کر لی تھی۔ مسلح حوثی باغیوں نے 21 ستمبر سے دارالحکومت صنعا میں اپنا کنٹرول قائم کر رکھا ہے اور وہ نئی حکومت میں اپنا اثر ورسوخ چاہتے ہیں۔