یمن حکومت باغیوں سے پریشان

عدن۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے وزراء عدن کے قصر صدارت میں آج دن بھر محصور رہے جبکہ علیحدگی پسند افواج نے شہر کے جنوبی علاقہ پر موثر قبضہ کرلیا۔ یہ ملک کی حکومت کیلئے ایک کاری ضرب تھی۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی اُمور نے اطلاع دی ہے کہ شہر میں محتاط سکون دیکھا جارہا ہے۔ امداد کی تقسیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا۔ عطیہ دہندہ ممالک کا اعتماد ہنوز بحال ہے۔ کویت کے نائب وزیر خارجہ خالد الجرالاب نے کہا کہ یمن کی خانہ جنگی سے اس ملک کے کئی لاکھ ڈالر ترقیاتی پروگرامس متاثر ہوچکے ہیں۔ عدن میں صدارتی افواج جنہیں متحدہ عرب امارات کی تائید حاصل ہے، پورے شہر میں ایک حفاظتی پٹی قائم کرچکے ہیں جبکہ تین روزہ خانہ جنگی میں 38 افراد ہلاک ہوگئے۔ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب پریشان حال صدر عبدالرب منصور ہادی کی مدد کررہے ہیں، لیکن عرب حلیف ممالک جن کی اتحادی افواج نے باغیوں کی کامیابی سے موصولہ فوائد سے ان کو محروم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور یمن کی جائز حکومت کو دوبارہ صنعاء میں برسراقتدار دیکھنا چاہتے ہیں۔