یمن: حوثی باغیوں کا صدر کو الٹی میٹم

10 دن میں نئی حکومت قائم نہ ہونے پر اقتدار پر قبضے کے دھمکی
صنعا۔ یکم نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) یمن میں حوثی شیعہ باغیوں نے صدر عبد ربہ منصور ہادی کو نئی حکومت کی تشکیل کے لیے دس دن کا الٹی میٹم دیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو وہ اقتدار پر قبضے کی کوشش کریں گے۔حوثی شیعہ باغیوں نے جمعہ کو دارالحکومت صنعا میں قریباً تیس ہزار قبائلیوں کی ریلی منعقد کی ہے اور اس اجتماع میں ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں انھوں نے صدر عبد ربہ منصور ہادی کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ نئی حکومت کی تشکیل میں ناکام رہتے ہیں تو حوثیوں کیلئے تمام امکانات کھلے ہیں۔پاپولر قبائلی اتحاد کے ترجمان ضیف اللہ رسام نے کہا ہے کہ ’’ہمارا اگلا اجلاس فیصلہ سازی کے ہیڈ کوارٹرز میں ہوگا‘‘۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایک اور مقرر نجیب المنصوری نے ’سالویشن ملٹری کونسل‘ کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں یمن میں جاری سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے طے پائے معاہدے کے تحت ایک نئی حکومت قائم کی جائے گی لیکن ابھی تک اس حکومت کی تشکیل پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے۔ صنعامیں گذشتہ سوا ایک ماہ سے حوثی باغیوں نے اہم سرکاری عمارتوں پر قبضہ کررکھا ہے اور حکومت کے بجائے ان کی عمل داری قائم ہے اور وہی تمام کاروبار زندگی چلا رہے ہیں۔