یمن : ایرپورٹ پر بندوق برداروں کا حملہ، 3 فوجی ہلاک

عدن ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) نامعلوم بندوق برداروں نے جن پر القاعدہ کے کارکن ہونے کا شبہ کیا جارہا ہے، یمن کے شہر سایون کے ایرپورٹ میں زبردستی داخل ہوگئے جو جنوب مشرقی صوبہ حضرموت میں واقع ہے۔ حملہ آوروں نے بین الاقوامی ایرپورٹ کے باب الداخلہ پر فوجیوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ یہ باب الداخلہ فضائیہ زیراستعمال بھی ہے۔ بعدازاں انہوں نے ایرپورٹ کے بعض حصوں پر بشمول کنٹرول ٹاور قبضہ کرلیا۔ حضرموت کا صوبہ دشوار گذار پہاڑی علاقہ میں واقع ہے جہاں جزیرہ نمائے عرب کی شاخ القاعدہ کے عسکریت پسندوں کے کئی ٹھکانے قائم ہیں۔ امریکہ اسے جہادی نیٹ ورک کا انتہائی خطرناک شعبہ سمجھتا ہے۔ 2011ء کی بغاوت میں فوج کے مردآہن علی عبداللہ صالح کو اقتدار سے بیدخل کردیا گیا تھا اس کے بعد یمن کی مرکزی حکومت کمزور ہوچکی ہے اور القاعدہ نے جنوبی اورمشرقی یمن کے کئی علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ فوج نے اپریل کے اواخر میں ابیان سے متصل شبوا میں القاعدہ کے خلاف بھرپور جارحانہ کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ جنوبی یمن میں اس کی فوجوں کو چھوٹے قصبوں اور دیہاتوں سے تخلیہ پر مجبور کرنے کیلئے 2012ء میں کارروائی کی گئی تھی لیکن القاعدہ کی یمنی شاخ سے الحاق رکھنے والے عسکریت پسند اس جارحانہ کارروائی میں بچ نکلے تھے۔