یمن: ایرانی سفیر کی رہائش گاہ کے باہر کار بم دھماکہ، ایک ہلاک

صنعا۔ 3 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) یمنی دارالحکومت میں آج ایرانی سفیر کی رہائش گاہ کے قریب دھماکہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس دھماکے میں متعدد افراد ہلاک یا زخمی ہو گئے ہیں۔ایک اطلاع میں ایک ہلاکت کی توثیق ہوئی ہے ۔ ’’العربیہ‘‘کے مطابق سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور ایک بارود سے لدی گاڑی پر آیا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑدیا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں متعدد یمنی اور ایرانی سکیورٹی گارڈز ہلاک ہوگئے ہیں۔تاہم ایرانی سفیر حسین سید اپنی رہائش گاہ پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے ہیں۔ واضح رہے یہ دھماکہ صنعاء میں قائم ڈپلومیٹک انکلیو میں ہوا ہے۔ریسکیو ٹیمیں زخمیوں کو دھماکے سے زمیں بوس عمارت کے ملبے سے نکال رہی ہیں۔ موقع سے ابھی تفصیلات کا انتظار ہے۔کسی گروپ نے فوری طور پر خود کش دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے صنعاء میں حالیہ دنوں میں یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ چند روز قبل ایک چیک پوائنٹ پر حوثیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔