صنعا ، 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے دارالحکومت صنعا میں سنٹرل جیل پر مسلح جنگجوؤں نے حملہ کیا ہے اور وہ وہاں سے القاعدہ کے 17 ارکان سمیت 29 قیدیوں کو چھڑوا کر لے گئے ہیں۔جھڑپ میں سات پولیس عہدہ دار اور تین مسلح افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ العربیہ کے نمائندے کی اطلاع کے مطابق دارالحکومت صنعا سے شمال میں واقع جیل کے نزدیک قبل ازیں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں جس کے بعد سکیورٹی فورسز کی مزید نفری روانہ کردی گئی ہے۔سنٹرل جیل میں تقریباً پانچ ہزار افراد قید ہیں۔ یمن کی سرکاری خبررساں ایجنسی سبا کی اطلاع کے مطابق جنگجوؤں کے ایک گروپ نے سنٹرل جیل پر دھاوا بولا تھا۔ان کے حملے میں سات افراد مارے گئے اور وہ متعدد قیدیوں کو چھڑوا کر لے گئے ہیں۔ سبا نے اس حملے کی مزید تفصیل یہ بتائی ہے کہ اس کا آغاز سنٹرل جیل کے گیٹ پر کار بم دھماکے سے ہوا تھا۔