یمنی ڈیری فارم پر بمباری، 37 ہلاک

صنعا ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی زیرقیادت فضائی حملوں کی ساتویں شب مغربی یمن کا ایک ڈیری فارم بھی نشانہ بنا، جس کے نتیجہ میں کم سے کم 37 ڈیری فارم ورکرس ہلاک اور دیگر 80 زخمی ہوگئے۔ صوبہ حدیدہ میں یہ ڈیری فارم واقع ہے۔ صوبائی گورنر حسن الحئی نے ان ہلاکتوں کی توثیق کی۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ یہ ڈیری فارم سعودی عرب کے فضائی حملوں کا نشانہ بنا ہے یا پھر شیعہ باغیوں نے سنگباری کی تھی۔ صوبائی ادارہ برائے صحت و طبابت کے سربراہ عبدالرحمن الحبار اللہ نے معمولی فرق کے ساتھ توثیق کی کہ 35 ورکرس ہلاک اور دیگر کو حدیدہ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ سعودی بمبار ی میں یمنی ڈیری فیکٹری کا ایک حصہ تباہ ہوگیا ہے۔ بمباری کے حالات واضح نہیں ہوسکے لیکن عینی شاہدین نے کہا کہ یہ ڈیری فیکٹری کل رات کئے گئے عرب اتحاد کے فضائی حملوں کی زد میں آئی ہے لیکن چند دوسروں نے اس حملہ کیلئے سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فورسیس کو موردالزام ٹھہرایا ہے۔