جوابی کارروائی میں سعودی جنگجو ہلاک، دو فرانسیسی گرفتار
یمنی فوج نے جنوبی صوبے شیبوا میں القاعدہ کے جنگجوؤں کے خلاف جاری کارروائی کے دوران تنظیم کے ایک سعودی کارکن کو ہلاک اور دو فرانسیسیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔صنعا سے العربیہ نیوز چینل نے اطلاع دی ہے کہ القاعدہ کے جنگجوؤں نے قبل ازیں جنوبی علاقے محفد میں یمنی وزیردفاع محمد ناصر احمد کے موٹر کیڈ پر حملہ کیا تھا۔تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے ہیں۔وہ جنوبی صوبے ابین سے القاعدہ کے جنگجوؤں کے خلاف فوج کی کارروائی کا جائزہ لینے کے بعد واپس آرہے تھے۔یمنی وزیردفاع کے قافلے پر حملے کے بعد فوج نے القاعدہ کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کی ہے جس میں ایک سعودی سمیت تین حملہ آور
ہلاک اور دو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔جھڑپ میں تین فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔یمنی فوج گذشتہ ایک ہفتے سے جنوبی صوبوں میں جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے جنگجوؤں کے خلاف زمینی کارروائی کررہی ہے۔اس کو یمن اور امریکا کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔آج جمعہ کو بھی امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں نے محفد کے پہاڑی علاقے میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر میزائل فائر کیے ہیں۔