یمنی فوج نے الحدیدہ کو باغیوں سے آزاد کرانے تین محاذ کھول دیئے

صنعا ئ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) یمن کی سرکاری فوج نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے زیرتسلط ساحلی شہر الحدیدہ کو آزاد کرانے تین محاذوں سے کارروائی کے لیے منصوبہ تیار کیا ہے۔’العربیہ‘ نیوز چینل کے مطابق الحدیدہ کے گورنر الحسن الطاھرنے ایک اخباری بیان میں بتایا کہ سرکاری فوج نے الحدیدہ کو باغیوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے تین اطراف سے کارروائی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن کی فوج الحدیدہ میں جنوب کی سمت سے داخل ہو گی جب کہ جنوب مشرقی سمت سے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کی جائے گی۔ جنوب مشرق میں باجل تک کے علاقے کی ناکہ بندی کی جائے گی تاکہ باغیوں کو کمک نہ مل سکے۔حسن الطاھر کے مطابق شمال کی طرف سے ایک راستہ باغیوں کے فرار کے لیے چھوڑا گیا ہے جب کہ شہر کے ہوائی اڈے سے بھی ایک نیا محاذ کھولا جائے گا۔یمن کے انٹلیجنس ادارے الحدیدہ میں جنگجوؤں کی تعداد اور ان کی قوت کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گورنر کے مطابق الحدیدہ کا ہوائی اڈہ پہلا اہم مقام ہے جسے سرکاری فوج استعمال کرے گی۔