یمنی فوج اور مزاحمتی قوتوں کی حوثیوں کے گڑھ صعدہ کی جانب پیشقدمی

صنعا۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یمنی فوج اور اس کی اتحادی مزاحمتی قوتوں نے حوثی ملیشیا کے مضبوط گڑھ شمالی صوبے صعدہ کی جانب پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے اور انھوں نے تزویراتی اہمیت کے حامل متعدد نواحی علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے۔یمنی فوج اور مزاحمتی قوتوں نے سوموار کے روز بریگیڈ 101 کے کمان مرکز اور الثار اور حبش کے پہاڑوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔حوثی ملیشیا نے صعدہ شہر کا محاصرہ کررکھا ہے اور یہیں سے اس نے گذشتہ سال اکتوبر میں مقدس شہر مکہ مکرمہ کی جانب میزائل داغا تھا۔درایں اثناء عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ تعز میں بنی عامر اور مقبنہ کے علاقوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے اور نہم کے محاذ سے بھی شدید لڑائی کی اطلاعات ملی ہیں۔اتحادی طیاروں نے صوبہ لہج اور عمران شہر کے جنوب میں ٹیلی مواصلاتی ٹاورز اور ہتھیاروں سے لدے دو ٹرکوں پر بمباری کی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حوثی ملیشیا کا قصبے بیحان میں لیڈر احمد عبدالقادر الحاج زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہوگیا ہے۔ وہ اس قصبے پر قبضے کی لڑائی کے دوران شدید زخمی ہوگیا تھا۔مزاحمتی قوتوں نے اس قصبے پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔یمنی فوج اور اس کے اتحادیوں کی اس پیش قدمی سے ایک روز قبل ہی سعودی علاقے نجران کے ساتھ واقع یمن کے سرحدی علاقے میں عرب اتحاد کی فضائی کارروائی اور جھڑپوں میں حوثی باغیوں کے ایک سینئر لیڈر ابو شہاب الحمزی سمیت پچیس جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔