صنعا۔ 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں شبوہ صوبے کے ضلعے الصعید سے القاعدہ تنظیم کو نکالنے کے لیے پیر کے روز ’’فیصلہ کن تلوار‘‘ کے نام سے فوجی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔آپریشن میں یمنی فوج کو اماراتی فورسز کی معاونت حاصل ہے جو سعودی عرب کے زیر قیادت عرب اتحاد میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ حضرموت کی وادی المسینی میں القاعدہ تنظیم بھاری جانی نقصان کا سامنا کر چکی ہے۔یمنی فوج کے سیکنڈ ملٹری زون کی طرف سے ایک ہفتہ قبل اعلان کیا گیا تھا کہ وادی المسینی کو حتمی طور پر القاعدہ تنظیم کی باقیات اور پناہ گاہوں سے پاک کر دیا گیا ہے۔سیکنڈ ملٹری زون کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل فرج البحسنی کے مطابق حضرموت صوبے میں ایلیٹ فورسز نے عرب اتحاد کے طیاروں کی مدد سے وادی المسینی میں القاعدہ تنظیم کے جنگجوؤں کی پناہ گاہوں پر دھاوا بولا اور پھر کارروائی کر کے اسے دہشت گردوں سے پاک کیا۔