صنعا۔24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ کے جنگجوؤں نے یمن کے جنوب مشرقی صوبے حضر موت کے دوسرے بڑے شہر ‘سیئون’ میں حکومتی عمارتوں اور فوجی ٹھکانوں پر حملے کئے۔ جمعہ اور ہفتہ کی درمیان شب کی جانے والی ان کارروائیوں میں خبر رساں ادارے ‘رائیٹرز’ کے مطابق 27 افراد ہلاک ہوئے۔ اہم فوجی چوکیاں، مقامی پولیس ہیڈکوارٹرز اور بینکوں کی شاخیں جنگجو?ں کا خصوصی ہدف تھے۔
حملہ آوروں نے بعض عمارتوں پر قبضہ کر لیا، تاہم پو پھٹنے پر انہوں نے یہ جگہیں خالی کر دیں۔ نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر ایک سیکیورٹی اہلکار نے ‘رائیٹرز’ کو بتایا کہ حملہ آور شہر پر قبضہ کر کے اپنے زیر نگیں لانا چاہتے تھے۔ یمنی فوج کے ہاتھوں جنوبی شہروں ابین اور شبوہ میں القاعدہ کے ٹھکانوں کی تباہی کے بعد تنظیم کے جنگجوؤں نے ملک کے مختلف حصوں میں سرکاری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔