صنعا، 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) یمنی دارالحکومت میں قائم سفارتی زون پیر کی صبح مارٹر گولوں کی گولہ باری سے گونج اٹھا۔ مبینہ طور پر ان فائر کئے جانے والے مارٹر گولوں کا رخ فرانس کے سفارت خانے کی طرف تھا۔ اسی دوران ایک کار بم دھماکہ بھی اس جگہ سے محض چند میٹر کے فاصلے پر ہوا ہے، جس سے سفارتی علاقہ لرز اٹھا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق مارٹر گولے فرانس کے سفارت خانے کی دیوار سے تیس میٹر کے فاصلے پر گرے ہیں۔ سکیورٹی حکام نے کہا کہ کار بم دھماکہ فرانس کے سفارت خانے اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی رہائش گاہ کے درمیانی علاقے میں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ سفارتی علاقے کو صنعا کے ضلع حادا میں شامل کیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق سابق صدر کی رہائش گاہ اور سفارت خانے کے درمیان پیش آیا کار بم دھماکہ ایک نصب کردہ دھماکہ خیز آلے سے کیا گیا ہے۔ یہ دھماکے وزارت دفاع کے نزدیک منی بسوں میں نصب شدہ دو بموں کے پھٹنے کے بعد ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ دونوں بسیں ایک جگہ پارک کی گئی تھیں۔ فوری طور پر جانی نقصا ن کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ تاہم اس طرح کی متشدد کارروائیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ عرب دنیا کے غریب ترین ملکوں میں شامل یمن ایک عرب ملک ہے جو 2011 ء کے بعد مسلسل بد امنی کی زد میں ہے۔