یمنی حکومت کی فوج حدیدہ ایرپورٹ میں داخل

ابوظہبی ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) یمنی حکومت کی فوج جسے متحدہ عرب امارات کی تائید حاصل ہے، حدیدہ ایرپورٹ میں داخل ہوگئی جبکہ اس بندرگاہی شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے لڑائی میں شدت پیدا ہوگئی۔ یمنی فوج کے ایک ذریعہ نے اس بات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ اماراتی فوج کی تائید اور تعاون سے یمن کی مشترکہ مزاحمتی فوج حدیدہ ایرپورٹ میں داخل ہوگئی۔ یاد رہیکہ 2015ء سے متحدہ عرب امارات کی فوج اور پڑوسی ملک سعودی عرب کی فوج ایک اتحاد بناتے ہوئے یمنی حکومت کی مدد کرنے حوثی باغیوں سے نبردآزما ہے۔ اتحادی فوج نے حالانکہ گذشتہ چہارشنبہ کو زبردست حملہ کرتے ہوئے حدیدہ سے باغیوں کو نکال باہر کیا تھا دوسری طرف سعودی عرب ایران پر باغیوں کو ہتھیار اسمگل کرنے کا الزام عائد کرتا رہا ہے جس کی ایران نے ہمیشہ تردید کی ہے۔