دوبئی ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات جو یمن میں سعودی کی قیادت والی اتحادی فوج کا حصہ ہے، نے آج حوثی باغیوں کا کلیدی بندرگاہی شہر حدیدہ کا تخلیہ کرنے کا انتباہ دیا ہے کیونکہ سعودی اتحاد والی فوجیں پیشرفت کررہی ہیں۔ دریں اثناء یو اے ای کے وزیر برائے امورخارجہ انور غارغش نے دوبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حدیدہ پورٹ آپریشن کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حوثی باغی وہاں سے غیرمشروط طور پر دستبردار نہیں ہوجاتے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتہ ہی سعودی کی قیادت والی فوج نے ایران کی تائید والے شورش پسندوں کے خلاف حملہ کا آغاز کیا تھا اور اسی لئے حدیدنا ۔ صنعاء روڈ کو کھلا رکھا گیا ہے تاکہ حوثی باغی وہاں سے نکل جائیں۔ انور غارغش نے کہا کہ اس آپریشن کا مقصد ہی یہ ہیکہ حوثی غیرمشروط طور پر بغیر کسی لڑائی کے حدیدہ سے نکل جائیں کیونکہ ایسا کرنے سے ہی شہریوں کی ہلاکت کو روکا جاسکتا ہے۔ غیرضروری فائرنگ کے تبادلہ میں بے قصور اور معصوم شہری بھی فائرنگ کی زد میں آرہے ہیں جنہیں روکنا بیحد ضروری ہے۔