یلا ریڈی آنگن واڑی مراکز پر عملہ کی قلت

سرکاری اسکیمات بر ی طرح متاثر ، عوام میں تشویش کی لہر
یلاریڈی ۔/26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) روزانہ نگرانی کئے جانے والے آنگن واڑی سنٹروں پر ہی کہیں کہیں لاپرواہی کا پتہ چلتا ہے تو ایسے میں یلاریڈی ICDS ۔ پراجکٹ حدود میں فی الوقت عملہ کی قلت سے مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ آنگن واڑ سنٹرس جہاں نونہال ، حاملہ خواتین ، معصوم ، بچوں کی مائیں سرکاری اسکیمات سے مستفید ہوتے ہیں ۔ حکومت بھی ان سنٹروں کے ذریعہ انہیں مختلف فلاحی اسکیمات پہنچا رہی ہے ۔ جس سے یلاریڈی پراجکٹ حدود میں عملہ کی قلت سے سرکاری اسکیمات مکمل طریقہ سے مستحقین تک نہیں پہنچ رہی ہیں ۔ خاص کر سوپر وائزروں کی قلت سے آنگن واڑی سنٹروں پر نگرانی میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلعی عہدیداروں کو رپورٹ داخل کرنے میں بھی لاپرواہی پیش آرہی ہے ۔ جس سے ICDS عہدیداروں کو مشکلات ہورہی ہیں ۔ یلاریڈی ICDS پراجکٹ حدود میں 12 سوپر وائزرس خدمات انجام دیا کرتے تھے ۔ ان دنوں پیش آئے تبادلوں سے دوسرے علاقوں کو سوپروائزر جانے سے ان 12 کی جگہ صرف تین سوپر وائزر تبادلہ پر یہاں آئے ۔ جبکہ یلاریڈی ICDS پراجکٹ حدود میں ناگی ریڈی پیٹ منڈل کے ناگی ریڈی پیٹ ، دھرما ریڈی اور یلاریڈی منڈل میں متمال ، کماریڈی ، یلاریڈی ، لنگم پیٹ منڈل میں شٹ پلی ، منگرم ، لنگم پیٹ ، گندھاری منڈل میں نیرل سرواپور ، گندھاری ، ان تمام کی نگرانی کیلئے صرف تین سوپر وائزر مقرر ہیں ۔ ICDS پراجکٹ کیلئے اہم ترین عہدیدار CDPO یلاریڈی میں خالی ہے ۔ پراجکٹ حدود کے ناگی ریڈی پیٹ سوپر وائزر ارونا کماری کو انچارج CDPO کی ذمہ داری دی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں یلاریڈی منڈل کے تین سیکٹروں کا سوپر وائزر کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے ۔ ایک عہدیدار کو تین ، چار ذمہ داریوں کو دینا انصاف کرنے کی امید رکھنا فاش غلطی ہوگی ۔ کسی ایک عہدیدار کے ساتھ بھی کامل انصاف ہونا محال ہے ۔ یلاریڈی ICDS کے ایک اور سوپروائزر کو 15 دن قبل ڈپٹیشن پر نظام آباد نے چلڈرن ہوم روانہ کیا گیا ۔ یلاریڈی پراجکٹ میں ACDPO کی خدمات انجام دینے والی محترمہ عزیز النساء کو بھی گزشتہ سال ڈسمبر میں مدنور منڈل کو ڈپٹیشن پر بھیجا گیا ۔ پراجکٹ آفس میں CDPO ، ACDPO ۔ سوپر وائزرس کے ساتھ ساتھ سینئر اسسٹنٹ ، جونیئر اسسٹنٹ ، ٹائپسٹ ڈاٹا انٹری آپریٹرس ، اٹنڈرس کا ہونا ضروری ہوتا ہے جس میں یلاریڈی پراجکٹ آفس پر CDPO کے ساتھ ساتھ سوپر وائزر ، سینئر اسسٹنٹ ، اور جونیئر اسسٹنٹ کی جائیدادیں خالی ہیں ۔ آفس میں ٹائپسٹ ، اٹنڈر ، گزشتہ چھ سال سے خالی ہیں ۔