یلاریڈی ۔ کاماریڈی شاہراہ کی خستہ حالت

حادثات کاخدشہ ہونے کے باوجود عہدیداران کی عدم دلچسپی
یلاریڈی۔/7 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی۔ یلاریڈی شاہراہ پر خستہ حال ہونے پر آئے دن حادثات کا خدشہ لگا رہتا ہے پھر بھی متعلقہ عہدیدار اپنی عدم دلچسپی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ منڈل تاڑوائی میں مختلف مقامات کو جانے والی سڑکیں بری طرح خستہ حال کو پہنچ چکی ہیں۔ تاڑوائی سے کرڈ پلی جانے والی سڑک 12کیلو میٹر تک مکمل خستہ حال ہوچکی ہے۔ جگہ جگہ کھڈے پڑ گئے ہیں ۔ سڑک کے کنکر باہر نمودار ہونے سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ رات کے وقت گذرنے عوام خوف کھارہے ہیں۔ مقامی عوام کا الزام ہے کہ گتہ دار اور عہدیدار ایک ہوکر سڑک تعمیرات میں تاخیر کررہے ہیں۔ کاماریڈی بس ڈپو میں سب سے زیادہ کلکشن ہونے والا روٹ کرڈ پلی ہی ہے پھر بھی اس سڑک کی خستہ حالی پر عہدیداروں کی عدم دلچسپی عوام کو برہم کررہی ہے۔ تاڑوائی سے چار کیلو میٹر تک ڈبل روڈ کیلئے ایک سال قبل محکمہ آر اینڈ بی سے پانچ کروڑ روپئے منظور کئے گئے اور برج کی تعمیرات مکمل کرلی گئی مگر سڑک کا کام آغاز کرکے درمیان میں ہی چھوڑ دیا گیا۔ سڑک توسیع ہو تو دیمی کلاں، کنکل، کرڈ پلی، تاڑوائی مواضعات کی عوام کو بڑی راحت ملے گی۔ کاماریڈی سے کم فاصلہ میں گندھاری، بانسواڑہ، جانے کیلئے سہولت رہے گی۔ عوام جلد از جلد یلاریڈی، کاماریڈی شاہراہ کو درست کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ یلاریڈی سے بانسواڑہ شاہراہ بھی مکمل خستہ حال ہوچکی ہے اور عہدیدار ہیں کہ عوام کی زندگی کو لاحق خطرہ سے انجان ہیں۔