یلاریڈی کے سرکاری دواخانوں میں طبی عملہ کا فقدان

عوام مکمل طبی خدمات سے محروم،مشکلات کا سامنا
یلاریڈی۔/13 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی ڈویژن کے مختلف منڈلوں میں موجود سرکاری دواخانوں پر طبی عملہ کی خاصی کمی سے عوام کو آئے دن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یلاریڈی کے ساتھ ساتھ ناگی ریڈی پیٹ ، لنگم پیٹ، تاڑوائی ، گندھاری ، رام ریڈی، سداشیو نگر منڈلوں میں سرکاری دواخانوں پر صرف ایک ڈاکٹر ہی خدمات انجام دے رہے ہیں جس سے زچگی کیلئے رجوع ہونے والی حاملہ خواتین کو بہتر طبی خدمات ملنا محال ہے۔ یلاریڈی سرکاری دواخانہ میں گائنا کولوجسٹ اور انستھیسیا ڈاکٹر کی جائیدادیں خالی ہیں جس پر یہاں صرف عام نارمل زچگیاں ہی کی جارہی ہیں نہایت مشکل حلات میں کاماریڈی دواخانہ کو ریفر کیا جارہا ہے۔ زچگیوں کے مشکل حالات میں یلاریڈی دواخانہ میں کوئی سہولت نہیں صرف عام علاج کا مرکز بنا ہوا ہے جس سے مقامی عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ دواخآنہ میں زچگی کروانے والی خواتین میں کے سی آر کٹس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ یلاریڈی سرکاری دواخانہ میں کے سی آر کٹس کی تقسیم سے پہلے ہی چھ ماہ میں 65 زچگیاں ہوئی تو کے سی آر کٹس کی تقسیم کے بعد سے چھ ماہ میں 118 زچگیاں کی گئیں۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ PHC میں دو ڈاکٹروں میں صرف ایک ڈاکٹر ہی فی الوقت خدمات انجام دے رہے ہیں جس کے باعث حاملہ خواتین کو صحیح طور پر طبی خدمات نہیں مل رہی ہیں اور پھر ڈاکٹر تروملیش کو ڈپٹی ڈی ایم ایچ او کی زائد ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔ اس لئے دواخانہ سے رجوع ہونے والی حاملہ خواتین کی زچگی عملہ ہی انجام دے رہا ہے اس دوران مشکلا حالات میں اطفال کی موت بھی ہورہی ہے۔ اسی طرح یلاریڈی سرکاری دواخانہ میں بھی حاملہ خواتین کیلئے مشکلات کا سامنا ہے۔ دواخانہ میں گائنا کالوجسٹ، انستھیستیا ڈاکٹرس نہ ہونے پر آپریشن نہیں کیا جارہا ہے۔ مریضوں کیلئے صحیح طور پر بیڈ شیٹ تک کی سہولت نہیں ہے۔ متمال دواخانہ میں بھی عام زچگی کی جارہی ہے مشکل وقتوں میں دوسرے دواخانوں کو روانہ کردیا جارہا ہے۔ منڈل تاڑوائی کے ایرہ پہاڑ دواخانہ میں بھی صرف ایک ڈاکٹر ہے جس سے عوام کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ دوسرے ڈاکٹر ڈپوٹیشن پر کاماریڈی پی ایچ سی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ رام ریڈی منڈل پی ایچ سی میں کے سی آر کٹس تقسیم کے بعد سے 19 زچگیاں عمل میں آئیں۔ سدا شیو نگر میں بھی کے سی آر کٹس سے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں۔ یہاں پر بھی دو ڈاکٹرس میں سے صرف ایک ڈاکٹر ہی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس طرح سوپر وائزر، لیاب ٹیکنیشن کی جائیدادیں خالی ہیں۔ لنگم پیٹ پی ایچ سی سوپروائزر چار ہونا ہے جس میں ایک خالی ہے۔