جمعرات , دسمبر 12 2024

یلاریڈی میں ہفتہ واری بازار کے مسئلہ پر تنازعہ

تاجرین کا ایک گروپ اتوار کو اور ایک گروپ چہارشنبہ کو مقرر کرنے پر بضد
یلاریڈی۔/19ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر پر ہفتہ واری بازار کے قیام کو لے کر مقامی تاجرین میں تناؤ بڑھ رہا ہے ۔ مستقر کا ہفتہ واری بازار تقریباً 50 تا60 سال سے اتوار کے دن چلتا آرہا ہے جس کو مقامی کچھ تاجروں نے اتوار کو مکمل بند رکھتے ہوئے چہارشنبہ کو ہفتہ واری بازار منعقد کرنے کا ایک ماہ قبل فیصلہ کرتے ہوئے مقامی میونسپل کمشنر چناریڈی کو میمورنڈم پیش کیا تھا۔ اس کے بعد دو ہفتے چہارشنبہ کو مختلف تناؤ کے ساتھ بازار لگایا گیا لیکن اب کچھ مختلف تاجروں نے مل کر قدیم طریقہ کو برقرار رکھنے اتوار کو بازار لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے میمورنڈم پیش کیا۔ قدیم طریقہ کو بدل کر چہارشنبہ کو ہفتہ واری بازار رکھنے پر کچھ تاجروں نے برہمی کا اظہار کیا۔ خاص کر مواضعات کے عوام کو قدیم طریقہ کو بدلنے سے مشکلات پیش آرہی ہیں اور چھوٹے موٹے ترکاری فروش و میوہ فروش دیگر ہفتہ واری تاجروں کو چہارشنبہ کو بازار رکھے جانے سے مشکلات سے گذرنا پڑرہا ہے اور کچھ دولت مند تاجروں نے مل کر اس قدیم رواج کو بدل کر اپنے فائدے کی فکر کرتے ہوئے چہارشنبہ کو ہفتہ واری بازار کو منعقد کرنے بضد ہیں جبکہ چہارشنبہ کو بچکنڈہ میں بازار ہے اور پٹلم، بانسواڑہ کے تاجر حضرات یلاریڈی کا رُخ نہ کرکے بچکنڈہ کو ترجیح دیں گے۔ جس سے یلاریڈی کے چہارشنبہ کے ہفتہ واری بازار میں ترکاریاں دیگر اشیاء گراں فروخت ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ اس طرح عوام پر اس کا راست منفی اثر ہونے کو ہے۔ صرف اتوار کے دن چھٹی منانے کے ذوق نے قدیم رواج کو ختم کرنے بضد ہیں۔ چند دولت مند تاجر عوام کی سہولت کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی من مانی کررہے ہیں جو مناسب نہیں ہے۔ اب میونسپل کمشنر اور آر ڈی او کو اس کشیدگی کو کم کرنے میں اہم رول ادا کرنا ہوگا ورنہ تناؤ بڑھ کر کشیدگی اختیار کرسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT