یلاریڈی میں کے سی آر کا علامتی پتلا نذرآتش

یلاریڈی۔/14مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی قانون ساز اسمبلی سے کانگریس ارکان اسمبلی کو معطل کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یلاریڈی مستقر پر کانگریس قائدین نے احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے مقامی تحصیل آفس کے روبرو شاہراہ پر راستہ روکو احتجاج کیا۔ ارکان اسمبلی کے خلاف کی گئی کارروائی کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی وزیر اعلیٰ مسٹر کے سی آر کا علامتی پتلا نذر آتش کیا۔ اس موقع پر کانگریس قائدین میں ستیہ نارائنا، نرسملو، شیخ مجیب الدین، جناردھن ریڈی، علی پاشاہ، عبدالحفیظ اور دوسرے موجود تھے۔ منڈل گندھاری پر بھی کانگریس قائدین نے کانگریس ارکان اسمبلی کو معطل کرنے کے خلاف احتجاج بلند کرتے ہوئے گندھاری، کاماریڈی شاہراہ پر دھرنا منظم کرتے ہوئے احتجاج کیا اور وزیر اعلیٰ مسٹر کے سی آر کا علامتی پتلا نذر آتش کیا۔ اس موقع پر بالیا، ریڈی راجلو، لائن رمیش، شنکر، مدیار، پریم داس، سابق سرپنچ شیواجی، رمیش اور دوسرے موجود تھے۔

گمبھی راؤ پیٹ میں کانگریس
قائدین کی گرفتاری
گمبھی راؤ پیٹ ۔/14مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حیدرآباد میں کانگریس کی جانب سے اسمبلی کے گھیراؤ کے اعلان پر احتیاطی طور پر گمبھی راؤ پیٹ میں کانگریس قائدین کی پولیس کی جانب سے گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں صدر منڈل کانگریس بگادنڈی سوامی، ایم پی ٹی سی رکن حمید الدین خالد وغیرہ کو ان کی قیامگاہ سے گرفتار کرتے ہوئے دوپہر تک پولیس اسٹیشن میں محروس رکھا تاکہ یہ قائدین حیدرآباد میں دھرنے میں شرکت نہ کرسکیں۔ اس موقع پر ان گرفتار شدہ کانگریس قائدین نے پولیس کی جانب سے انہیں گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی۔

کانگریس کا راستہ روکو احتجاج
گمھبی راؤ پیٹ۔/14 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی پیٹ کے گولا پلی میں آج کانگریسیوں کی جانب سے راستہ روکو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے سرسلہ تا کاماریڈی جانے والی اس سڑک پر کچھ دیر کیلئے ٹریفک جام ہوگئی۔ کانگریس قائدصاحب حسین نے اس موقع پر اسمبلی اجلاس سے کانگریس ارکان کی معطلی کو بزدلانہ حرکت قرار دیا۔