یلاریڈی میں پرامن انتخابات

یلاریڈی۔ 30 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی اسمبلی حلقہ کے تمام منڈلوں پر اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کیلئے رائے دہندوں نے پرامن ماحول میں حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ مستقر پر صبح سے تمام پولنگ مراکز پر رائے دہندوں کی قطاریں دیکھتے میں آئیں۔ یلاریڈی حلقہ کے جملہ 234 پولنگ مراکز پر پولیس کا غیرمعمولی بندوبست رہا۔ 6 منڈلوں میں 700، پولیس ملازمین اور دو ڈی ایس پی عہدیدار، 7 سرکل انسپکٹران نے، 18 سب انسپکٹران، 22 اے ایس آئی، 56 ہیڈ کانسٹبل ، 254 کانسٹبل ، 150 ہتھیاروں سے لیس جوان، 125 ہوم گارڈس کی خدمات حاصل کی گئیں۔ ہر پولنگ مرکز پر طبی عملہ کو بھی رکھا گیا اور 243 این سی سی طلباء کی بھی انتخابات میں خدمات لی گئیں۔ مجموعی طور پر یلاریڈی اور اس کے تمام منڈلوں پر رائے دہی پرامن رہی۔ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ پولنگ مرکز 208،203 ، 209 پر EVM مشینوں کی خرابی پر کچھ دیر کیلئے رائے دہی روک دینی پڑی۔ تھوڑی دیر بعد دوبارہ رائے دہی کا سلسلہ چلتا رہا۔ یلاریڈی حلقہ اسمبلی کے جملہ رائے دہندوں میں خواتین رائے دہندوں کی تعداد زیادہ ہے۔ جملہ رائے دہی سے 1,99,213 ہیں تو اس میں خواتین رائے دہندے 1,03,281 ہیں اور شام 4 بجے تک 70% رائے دہندوں نے اپنا ووٹ کا استعمال کیا۔ یلاریڈی حلقہ اسمبلی سے کانگریس اور ٹی آر ایس میں زبردست مقابلہ کے ساتھ کسی ایک کے حصہ میں کامیابی آنے کی توقع ہے۔ ہر امیدوار اپنی کامیابی کا دعویٰ کررہا ہے۔ 16 مئی تک تمام امیدواروں کو رائے دہندوں کے فیصلہ کا انتظار کرنا ہے جس کے بعد ہی رائے دہندوں نے کس کو ترجیح دی، اس کا پتہ چلے گا۔