یلاریڈی میں ٹی آر ایس کو زبردست جھٹکہ

سابق رکن اسمبلی جناردھن گوڑ کی کانگریس پارٹی میں واپسی
یلاریڈی ۔ 21 ؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی حلقہ اسمبلی میں ٹی آر ایس پارٹی کو اور اس کے امیدوار سابق رکن اسمبلی مسٹر رویندرریڈی کو اس وقت بڑا جھٹکہ لگا جب مسٹر جناردھن گوڑ نے ٹی آر ایس پارٹی کو خیرآباد کر کے کانگریس میں واپس ہوگئے ۔ مسٹر جناردھن گوڑ جو 2008 کے ضمنی چناو میں یلاریڈی حلقہ سے کانگریس امیدوار بن کر ٹی آر ایس امیدوار مسٹر رویندر کو شکست دی تھی اس کے بعد 2014 ء کے عام چناو میں انہیں کانگریس سے ٹکٹ نہ ملنے پر ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر نے انہیں کانگریس سے ٹی آر ایس میں آنے پر ایم ایل سی بنانے کا وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہ ہوسکا جس سے جناردھن گوڑ شدید مایوس ہو کر کے سی آر کے جھوٹے وعدہ فریبی سیاست سے تنگ آ کر آخر کار کاماریڈی میں مسٹر راہول گاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں واپس ہوگئے ۔ اور ٹی آر ایس کو بڑا جھٹکا لگا ۔ مسٹر جناردھن گوڑ جو منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے دھرماریڈی علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا بھی اس منڈل میں خاصا ووٹ بینک ہے ۔ جس سے ہوسکتا ہے کانگریس میں نئی جان پیدا ہو اور ٹی آر ایس کے لئے بے شمار مشکلات ‘ اب اس حلقہ سے ٹی آر ایس اور کانگریس میں کانٹے کی ٹکر ہونے جار ہی ہے ۔اب رائے دہی تک کس جماعت کو اور کتنے جھٹکے لگتے ہیں انتظار کرکے دیکھنا ہوگا ۔ فی الوقت تو کانگریس صفوں کو مضبوط ہوتا آسانی سے دیکھا جاسکتا ہے ۔