یلاریڈی میں قومی شاہراہ کی تعمیر کیلئے مرکز کی منظوری

یلاریڈی ۔ 10جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر سے جانے والی حیدرآباد۔ میدک ۔ بودھن شاہراہ کو قومی شاہراہ میں بدلنے کیلئے مرکزی حکومت نے گرین سگنل دے دیاہے جس سے کچھ عوام میں فکر گھر کر گئی ہے تو کچھ کے چہرے مسرور ہیں کہ قومی شاہراہ بننے سے علاقہ کی ترقی یقینی ہوگی ۔ حیدرآباد سے بودھن تک 183 کلومیٹر ریاستی شاہراہ کو قومی شاہراہ بنانے کیلئے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ان دنوں منعقدہ اجلاس میں مکمل طریقہ سے منظوری دینے پر قومی شاہراہ بننی یقینی ضرور ہوگیا ہے ۔ ترقی سے کافی دور پسماندہ حلقہ یلاریڈی پر سے قومی شاہراہ ڈالی جائے تو ترقی کا دور آغاز ہونے کی امید ضرور ہے ۔ عوام کا یہ دیرینہ خواب بھی تھا کہ یلاریڈی سے قومی شاہراہ کے کا گزر ہو ۔ دوسری طرف عوام اس بات کو لیکر تشویش میں مبتلا ہیں کہ اگر قومی شاہراہ کیلئے سڑک کی توسیع کی گئی تو یلاریڈی میںکچھ باقی نہ رہے گا ۔ تجارتی اداروں پر بہت زیادہ اثر پڑے گا اور مستقر پر صرف اور صرف قومی شاہراہ ہی باقی رہے گی اور کوئی کاروبار نہ رہے گا ۔ اس لئے قومی شاہراہ کیلئے بائی پاس ڈالی جائے تو توسیع کے نام پر ایک اور تباہی نہ ہوگی ۔ عوامی نمائندوں کا کہنا ہیکہ زیادہ سے زیادہ کوشش بائی پاس نکالنے کی‘ کی جارہی ہے تاکہ یلاریڈی کا بزنس برباد نہ ہونے پائے اور ترقی کی راہ بھی ہموار ہوں ۔ 2008ء میں کی گئی سڑک توسیع کے بعد سے ہی آج تک یلاریڈی اپنی حالت نہیں بل سکا ہے تو قومی شاہراہ کے نام پر اگر توسیع عمل میں آئی تو کیا ہوگا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ اس لئے زیادہ تر عوام بائی پاس روڈ کے ذریعہ قومی شاہراہ مکمل کرنے پر زور دے رہے ہیں ۔