یلاریڈی /18 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی منڈل کے متمال علاقہ سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ ممتا شادی شدہ خاتون دوپہر ایک بجے کے قریب خود پر کیروسن ڈالتے ہوئے آگ لگاکر اقدام خودکشی کی ۔ سب انسپکٹر مسٹر کمار راجا کی تفصیلات کے مطابق میدک ضلع کے پاپنا پیٹ منڈل میں ایول پور موضع سے تعلق رکھنے والی ممتا کی شادی تین سال قبل متمال کے بیاتیا کے ساتھ انجام پائی تھی ۔ دوپہر کو ممتا گھر پر کسی کے نہ ہونے پر خود پر کیروسن ڈال کر آگ لگالی اور جلتی ہوئی گھر کے باہر آنے کے بعد گر گئی ۔ اطراف کے لوگوں نے اسے یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا جہاں کچھ لمحوں کے بعد ہی اس نے دم توڑ دیا ۔ متوفی خاتون کے ماں باپ ملیا ، بھوما نے الزام لگایا کہ ان کی بیٹی کو سسرال والوں نے ہی آگ لگائی ہے ۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کرکے مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ مشتبہ حالت میں موت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ خودکشی کی وجوہات کوئی ابھی تک سامنے نہ آسکے ۔